انتظار کی گھڑیاں ختم شاؤمی نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑی متعارف کرادی

Admin


 شاؤمی پاکستان سٹور کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بلاگ میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شاؤمی ممکنہ طور پر اپنی ایس یو 7 نامی الیکٹرک گاڑی پاکستان میں بھی لانچ کرنے والا ہے۔

پاکستان میں گاڑی کی موجودگی ظاہر ہونے کے بعد مختلف کانٹینٹ کریئٹرز کی جانب سے گاڑی پر بنائی گئی ویڈیوز بھی وائرل ہیں۔ شیاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی ایس یو 7 اپریل 2024 میں متعارف کروائی تھی جو کراچی کی سڑکوں پر دوڑتی دیکھی گئی ہے۔


پاکسان میں شاؤمی اور ریڈ می جیسی کمپنیوں کے موبائل فونز کی ترسیل ایئرلنک نامی کمپنی کرتی ہے اور شاؤمی کی الیکٹرک گاڑی کا پاکستان میں باضابطہ طور پر لانچ اسی کمپنی کی ہی ذمہ داری ہوگی۔


پاک ویلز کے مطابق ایئرلنک نے پاکستان میں دو شاؤمی ایس یو 7 گاڑیاں امپورٹ کی ہیں اور واضح کیا ہے کہ اس گاڑی کی پاکستان میں لوکل پیداوار شروع کرنا تاحال پلان کا حصہ نہیں ہے۔


شاؤمی ایس یو 7 کو امپورٹ کر کے ایئرلنک کمپنی پاکستانی مارکیٹ کا ردعمل دیکھنا چاہے گی اور لوکل اسمبلنگ کے لیے پلانٹس لگانے کا فیصلہ مستقبل میں کیا جائے گا۔


گاڑی کی لانچنگ کے خبرکے ساتھ ہی ایئرلنک کمیونی کیشنز پاکستان کی سٹاک ایکسچینج میں کمپنی کے شیئر کی قیمت 2.5 روپے سے بڑھ کر 11.7 روپے ہو چکی ہے۔


ایس یو 7 ایک مکمل C-سگمنٹ لگژری سیڈان ہے جو پورش ٹائیکان اور آؤڈی ای ٹرون جی ٹی جیسی گاڑیوں کا مقابلہ کرتی ہے۔


ایس یو 7 شاؤمی کے بنائے گئے آپریٹنگ سسٹم ’ شاؤمی ہائیپر او ایس‘ پر چلتی ہے، یہیں سسٹم شاؤمی کے موبائل فونز میں بھی موجود ہوتا ہے۔



سیلف ڈرائیونگ کی بات کی جائے تو اس گاڑی کے ٹاپ سپیکس والے ماڈل میں یہ فیچر بھی موجود ہے اور گاڑی ’این ویڈیا‘ کمپنی کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرائیور کے بغیر بھی چل سکتی ہے۔


یہ گاڑی چھ رنگوں میں دستیاب ہے جن میں میٹیور بلیو (نیلا)، ریڈینٹ پرپل (جامنی)، بیسالٹ گرے (سرمئی)، لاوا اورنج (نارنجی)، پرل وائٹ (سفید)، ڈائمنڈ بلیک (سیاہ) رنگ شامل ہیں۔


گاڑی کے اندرونی حصے کے لیے چار رنگوں کے آپشن دستیاب ہیں جن میں گلیکسی گرے، ٹوائی لائٹ ریڈ، مسٹ پرپل، اور اوبسیڈین بلیک شامل ہیں۔



شاؤمی کی ایس یو 7 صرف 10.67 سیکنڈ میں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔ 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو گاڑی 2.78 سیکنڈز میں حاصل کر سکتی ہے جبکہ اس کی ٹاپ سپیڈ 265 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔


صرف 15 منٹ کی چارجنگ کے ساتھ، ایس یو 7 میکس (گاڑی کا ٹاپ ویرینٹ) 510 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتا ہے جبکہ گاڑی کا بیس ویریئنٹ 15 منٹ کی چارجنگ میں 350 کلومیٹر کا سفر کر سکتا ہے۔


فُل چارجنگ کے بعد ایس یو 7 کا بیس ویرینٹ 700 کلومیٹر جبکہ ٹاپ ویرینٹ (ایس یو 7 میکس) 810 کلومیٹر کی رینج مہیا کرتا ہے۔ گاڑی کے دونوں ویریئنٹس میں شاؤمی کے پائلٹ آپشنز موجود ہیں جو 11 کیمروں کی مدد سے گاڑی کو سیلف ڈرائیو اور دیگر خصوصیات میں مدد دیتے ہیں۔ بیس ویریئنٹ میں شاؤمی پائلٹ پرو جبکہ میکس ویرینٹ میں شاؤمی پائلٹ پرو میکس سسٹم نصب کیا گیا ہے۔


مسافروں کی حفاظت کے لیے 7 ایئربیگز بھی دیے گئے ہیں۔


پاور کی بات کی جائے تو گاڑی 295 ہارس پاور اور 400 نیوٹن میٹر کا ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


ایس یو 7 نامی اس گاری کے بیس ماڈل کی قیمت 215,900 یوآن رکھی گئی تھی جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 85 لاکھ 70 ہزار بنتے ہیں۔ پرو ویریئنٹ کی قیمت 245،900 یوآن ہے جو 97 لاکھ 72 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں، جبکہ پرو میکس ویرینٹ کی قیمت 299،900 یوآن ہے جو پاکستانی 1 اکروڑ 19 لاکھ روپے کے قریب بنتے ہیں۔

Post a Comment