ایف بی آر کا ریسٹورنٹس، ریٹیلرز کی جعلی رسید رپورٹ کرنے پر بڑے انعام کا اعلان

Admin

 


فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عوام کو ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ دینے اور ٹیکس چوری کے تدارک کے لیے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے ریسٹورنٹس اور ریٹیلرز کی جعلی رسیدیں رپورٹ کرنے پر 20 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایف بی آر کا یہ اقدام ٹیکس وصولی کو بہتر بنانے اور عوام کو ٹیکس سے متعلق آگاہی دینے کے لئے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ایف بی آر کے مطابق شہری اپنے موبائل فون پر ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے کسی بھی ریسٹورنٹ یا ریٹیلر کی جاری کردہ رسید کے کیو آر کوڈ کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کو استعمال کرتے ہوئے کوئی بھی شخص خریداری کے دوران جاری کی گئی رسید کا معائنہ کر سکتا ہے اور یہ جان سکتا ہے کہ آیا یہ رسید حقیقی ہے یا جعلی۔ اگر کیو آر کوڈ کی مدد سے یہ تصدیق ہو جائے کہ رسید جعلی ہے تو صارف کو موقع پر ہی جیو ٹریکنگ کی مدد سے ایف بی آر کو رپورٹ کرنے کا اختیار ہوگا۔

ایف بی آر نے مزید وضاحت دی ہے کہ یہ رپورٹنگ کرنے کا طریقہ کار اور دیگر تفصیلات اس کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں تاکہ عوام اس عمل کو آسانی سے سمجھ سکیں اور اس مہم میں حصہ لے سکیں۔ اس کے ساتھ ایف بی آر نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف ان رسیدوں کی رپورٹنگ کریں جو کہ حقیقی معنوں میں مشکوک ہوں اور رسید کی عدم تصدیق کی صورت میں فوری طور پر رپورٹ کی جائے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد ملک میں ٹیکس چوری کو روکنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے عام شہری ٹیکس چوری کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرسکیں گے اور ان کے تعاون سے ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لئے مدد ملے گی۔ایف بی آر کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس سے نہ صرف ٹیکس نظام کی شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک میں ٹیکس چوری کے مسائل کو بھی کافی حد تک کم کیا جا سکے گا

Post a Comment