ایف آئی اے ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم میں ملوث ملزم محمد شہزاد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لاہور کے نجی کالج میں مبینہ زیادتی کے واقعے پر ویڈیوز بنا کر شیئر کیں جن میں وہ واقعے پر نامناسب باتیں کر رہے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزم کے قبضے سے موبائل فون برآمد کر لیا جس میں متنازع ویڈیوز، ٹک ٹاک اکاؤنٹس اور خواتین کے استحصال سے متعلق پیغامات و مواد پایا گیا ہے۔
ملزم کے دیگر ساتھیوں بشمول چاچا سرائیکی کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ملتان کے نواحی علاقے شجاع آباد کے رہائشی معروف یوٹیوبر حکیم شہزاد نے کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ سے شادی کی تھی۔
حکیم شہزاد ٹک ٹاک، یوٹیوب اور فیس بک پر اپنی وائرل ویڈیوز کی وجہ سے مشہور ہیں اور وہ اکثر اپنی ویڈیوز میں مریضوں کے علاج کے لیے اپنی تیارکردہ دواؤں کا پرچار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایف آئی اے نے جس وائرل ویڈیو کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا ہے اس میں حکیم شہبزاد چاچا سرائیکی نامی ٹک ٹاکر کو لاہور کے نجی کالج میں رونما ہونے والے مبینہ واقعے پر بات نہ کرنے سے متعلق پوچھتے ہیں جس پر چاچا سرائیکی نامناسب جواب دیتے ہیں۔
اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہوں نے اپنی گفتگو پر معذارت بھی کی تھی